پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے نئے گانے “آرزو” نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی تاہم گانے کی مقبولیت کے ساتھ ایک نئی بحث بھی شروع ہوگئی ہے۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ گانے کے ایک حصے میں سنائی دینے والی آواز اداکارہ ہانیہ عامر کی ہوسکتی ہے۔
عاصم اظہر نے حال ہی میں “آرزو” کے نام سے اپنا نیا گانا جاری کیا ہے جسے انہوں نے خان، مادھورکسو اور نور کے ساتھ مل کر گایا ہے۔
گانا ریلیز ہونے کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور مداح ان کی موسیقی کو سراہا رہے ہیں۔
View this post on Instagram
قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب عاصم اظہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں شامل جملہ “پھر سے بولو” نے مداحوں کی خصوصی توجہ حاصل کی جس کے بعد کئی صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ آواز ہانیہ عامر سے مشابہت رکھتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے تبصروں میں ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا واقعی گانے میں ان کی آواز شامل ہے جبکہ دیگر صارفین اسے محض قیاس آرائی قرار دے رہے ہیں۔
تاہم اب تک نہ عاصم اظہر اور نہ ہی ہانیہ عامر نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل یا وضاحت جاری کی ہے جس کے باعث مداحوں کے درمیان تجسس برقرار ہے اور سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔
















