Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں نیا موڑ؛ ثاقب چدھڑ کا بیان سامنے آگیا

مومنہ اقبال کی درخواست جھوٹی، بے بنیاد ہے، ثاقب چدھڑ

اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سے متعلق کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی ائی اے) میں جمع کرایا گیا بیان منظرِ عام پر آگیا ہے۔

اپنے بیان میں ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مومنہ اقبال سے 2020 میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہوئے۔

ان کے مطابق انہوں نے مومنہ اقبال کے ساتھ اندرون اور بیرونِ ملک متعدد سفر کیے اور ان سفروں کے تمام اخراجات خود برداشت کیے۔

ثاقب چدھڑ کا کہنا ہے کہ مومنہ اقبال اور ان کے اہلِ خانہ نے مبینہ طور پر سابقہ شادی اور طلاق سے متعلق معلومات ان سے مخفی رکھیں جس کا علم ہونے پر انہوں نے شادی سے انکار کر دیا، اگست 2025 میں ہمارے درمیان تعلقات ختم ہو گئے تھے۔

بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے بلیک میلنگ کے ذریعے 10 ہزار آسٹریلین ڈالر وصول کیے جبکہ انہوں نے رمشا اقبال کی یونیورسٹی فیس کی مد میں 13 ہزار آسٹریلین ڈالر بھی ادا کیے۔

ثاقب چدھڑ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے مختلف اوقات میں مومنہ اقبال کے اکاؤنٹ میں مجموعی طور پر 83 لاکھ روپے منتقل کیے۔ بعض مشکوک افراد نے تصاویر اور ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں جس پر میں نے مومنہ اقبال اور ان کی بہن کو ایسی کسی بھی مواد کی شیئرنگ سے روکنے کا کہا۔

رکن صوبائی اسمبلی نے مزید الزام عائد کیا کہ مومنہ اقبال انہیں اپنی اہلیہ کو طلاق دینے پر اکساتی رہی ہیں جبکہ اداکارہ کو ان کے شادی شدہ ہونے کا مکمل علم تھا اور اس حوالے سے کال ڈیٹا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

ثاقب چدھڑ کا کہنا ہے کہ این سی سی ائی اے اور پولیس کو دی گئی درخواست میں تضادات اور غلط بیانی موجود ہے۔ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جس پر چنیوٹ میں مقدمہ درج کرایا گیا، مومنہ اقبال کی درخواست جھوٹی، بے بنیاد ہے۔

متعلقہ خبریں