Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا عاطف اسلم موسیقی چھوڑنے والے ہیں؟ گلوکار نے حقیقت بتادی

شہرت کیسے ملی؟ عاطف اسلم نے اپنی کامیابی کا راز بتادیا

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی کامیابی، شہرت اور موسیقی کے سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی یہ سمجھ نہیں آتا کہ میں اس مقام تک کیسے پہنچے۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے بھارت کے ایک معروف یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے فنی سفر اور موسیقی سے وابستگی سمیت مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

اپنی شہرت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ مجھے ابتدا میں کامیابی کے بارے میں کوئی خاص اندازہ نہیں تھا۔ ایک گانے کے بعد یہ خیال آتا تھا کہ اب آگے کیا ہوگا جبکہ اگلے گانے کے بعد بھی یہی سوچتا تھا کہ شاید لوگ مجھے پسند نہیں کرتے۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ البم کے بعد فنکار پر ذمہ داری کا احساس مزید بڑھ جاتا ہے، میں اپنی کامیابی کو محض اپنی محنت کا نتیجہ نہیں سمجھتا، انسان کو وہیں پہنچایا جاتا ہے جہاں اللہ اسے دیکھنا چاہتا ہے اور یہی کامیابی اور شہرت کا اصل راز ہے۔

موسیقی چھوڑنے کے سوال پر عاطف اسلم نے واضح کیا کہ میں نے کبھی گلوکاری یا موسیقی سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا نہیں سوچا تاہم فنکار کی زندگی میں ایسے ادوار ضرور آتے ہیں جب وہ تخلیقی جمود کا شکار ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انسان کے اندر تخلیق کرنے کے لیے کچھ باقی نہیں رہا، لکھنے یا کچھ نیا تخلیق کرنے کو دل نہیں چاہتا لیکن یہ کیفیت بھی ایک فنکار کے سفر کا حصہ ہے۔

عاطف اسلم کے مطابق وقت کے ساتھ تخلیقی صلاحیتیں دوبارہ ابھرتی ہیں اور ایک مرحلہ ایسا آتا ہے جب فنکار محسوس کرتا ہے کہ اس کے اندر دوبارہ تخلیق کا جذبہ پیدا ہوچکا ہے۔ ایسے لمحات میں خاموشی اختیار کرنا، اللہ کا شکر ادا کرنا اور اس کیفیت سے لطف اندوز ہونا بھی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں