Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سڈنی ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا، دو طیارے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے

واقعے کی تحقیقات آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کر رہا ہے

آسٹریلیا کے سڈنی ایئرپورٹ پر دو مسافر طیاروں کے درمیان خوفناک تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا جس کے بعد حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو  کے مطابق واقعہ اتوار کو پیش آیا، جب جیٹ اسٹار ایئرویز کا ایئربس A320 طیارہ گولڈ کوسٹ روانگی کے لیے ٹیکسی وے پر آگے بڑھ رہا تھا اسی دوران قطر ایئرویز کا بوئنگ 777 طیارہ ایک ایئرکرافٹ ٹگ کے ذریعے کھینچا جا رہا تھا۔

حکام کے مطابق دونوں طیارے ایک دوسرے کے راستے میں انتہائی قریب آگئے تاہم  جیٹ اسٹار طیارے کے پائلٹس نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری بریک لگائی اور دونوں طیارے ٹکرانے سے بچ گئے۔

ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے بتایا کہ دونوں طیارے اچانک رک گئے تاہم جیٹ اسٹار طیارے کے ایک کیبن کریو رکن کو چوٹ آئی جبکہ قطر ایئرویز کے طیارے کے ناک والے لینڈنگ گیئر اور اسے کھینچنے والے ٹگ کے درمیان کنکشن کو نقصان پہنچا۔

جیٹ اسٹار انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارہ ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات کے مطابق حرکت کر رہا تھا، تاہم دوسرے طیارے کے قریب آنے پر پائلٹس کو ہنگامی طور پر سخت بریک لگانا پڑی۔

واقعے کی تحقیقات آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کر رہا ہے جبکہ جیٹ اسٹار نے بھی اپنی سطح پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ قطر ایئرویز کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب اس سے ایک روز قبل سڈنی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی اسٹافنگ کے مسائل کے باعث پروازوں میں بڑے پیمانے پر تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں