Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اپر چترال، سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کے ریسکیو کے لیے پاک فوج میدان میں آ گئی

امدادی کارروائیوں کے دوران بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے بند سڑکوں سے ملبہ ہٹایا گیا

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات کے بعد پاک فوج کی امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل بارشوں کے نتیجے میں اپر چترال کے مختلف علاقوں میں سڑکیں، پل اور مکانات متاثر ہوئے جبکہ فلیش فلڈ کے باعث جگھور کے علاقوں جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول میں سڑکوں، گلیوں، زرعی زمینوں اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔

سیلابی ریلوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں مٹی اور ملبہ بڑی مقدار میں جمع ہوگیا جس سے آمدورفت کے راستے بند ہوگئے اور شہریوں کو روزمرہ معمولات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صورتحال کے پیش نظر فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مشکل حالات میں پھنسے شہریوں کو ضروری مدد فراہم کی اور سیلابی پانی میں گھرے افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

امدادی کارروائیوں کے دوران بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے بند سڑکوں سے ملبہ ہٹایا گیا جس کے بعد کئی راستے دوبارہ کھول دیے گئے اور ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔

مقامی افراد نے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مشکل وقت میں عوام کی مدد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ قدرتی آفات سمیت ہر ہنگامی صورتحال میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور شہریوں کی حفاظت و فلاح کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔