شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان کے شوہر زین حامد نے سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان طلاق کی تصدیق کردی ہے۔
نمرہ خان اور زین حامد کے درمیان علیحدگی کی خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں جب دونوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹس شیئر کی گئیں۔ اس دوران بعض ساتھی فنکاروں نے بھی نمرہ خان کی حمایت کی اور ان کے شوہر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم اب زین حامد نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے نمرہ خان سے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ذاتی اختلافات اور ترجیحات کی بنیاد پر 17 جولائی کو نمرہ خان کو طلاق دی ہے۔
زین حامد نے واضح کیا کہ میرا کسی پر الزام عائد کرنے کا ارادہ نہیں تھا، میری جانب سے کی گئی بعض پوسٹس سوشل میڈیا پر غیر ضروری توجہ حاصل کرنے کے لیے کی جانے والی پوسٹس اور اسٹیٹس اپڈیٹس کے ردعمل میں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں خواتین اور مردوں دونوں کا یکساں احترام کرتا ہوں۔ طلاق سے متعلق قانونی کارروائی کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے جبکہ آئندہ قانونی عمل وکلا دیکھیں گے۔
زین حامد نے نمرہ خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی رضامندی اور خوش اسلوبی سے ہونے والی علیحدگی ہے جو دونوں فریقین کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے۔
واضح رہے کہ نمرہ خان نے جون 2026 میں برطانوی نژاد پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔















