منشیات فروش انمول عرف پنکی کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوگیا جبکہ اس کے شوہر ناصر علی کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کی شادی ناصر علی سے ہوئی تھی جو وزیر آباد، گوجرانوالہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ناصر علی اپنی بیوی انمول عرف پنکی کے ساتھ مل کر آن لائن منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔ دونوں میاں بیوی مبینہ طور پر رائیڈرز کے ذریعے پارسل بک کروا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی اور اس کا شوہر لاہور کے پوش علاقوں میں رہائش پذیر رہے اور وہیں سے منشیات کا نیٹ ورک چلاتے رہے۔ او سی یو منشیات سیل اور پولیس کی سخت کارروائیوں کے بعد ناصر علی کچھ عرصہ قبل بیرون ملک عمان فرار ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی لاہور کے پوش علاقوں میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے کے منظم نیٹ ورک میں سرگرم تھے جبکہ مزید اہم انکشافات اور گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


















