پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کے اعتراف میں عسکری اعزازات دینے کی ایک پُروقار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو اعلیٰ تمغوں اور اسناد سے نوازا گیا۔
ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف نے تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو ان کے اعزازات پیش کیے اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں 18 کموڈورز کو ستارہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا جبکہ 11 افسران جن میں کمانڈرز اور لیفٹیننٹ کمانڈرز شامل ہیں کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
اسی طرح پاک بحریہ کے سی پی اوز اور سیلرز کو بھی مختلف درجات کے تمغہ خدمت (ملٹری) سے نوازا گیا جن میں 33 اہلکاروں کو گریڈ I، 82 کو گریڈ II جبکہ 69 اہلکاروں کو گریڈ III کے تمغے دیے گئے۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 51 افسران، سی پی اوز، سیلرز اور نیوی کے سویلین اہلکاروں کو چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے ستائشی اسناد بھی دی گئیں۔
تقریب میں مسلح افواج کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کے علاوہ اعزاز حاصل کرنے والے اہلکاروں کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی جس نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔


















