Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز کے گزشتہ 48 گھنٹوں میں آپریشن کے دوران اہم کمانڈر سمیت 23 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے زیر استعمال خفیہ سرنگوں اور بنکروں کا نیٹ ورک بھی تباہ کر دیا گیا ہے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے جن کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں متعدد علاقوں میں اہم کارروائیاں کی گئیں۔

دتہ خیل، اسپن وام اور بنوں میں ہونے والے آپریشنز کے دوران 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک اہم سرغنہ جان میر عرف طور ثاقب بھی مارا گیا جس کے سر کی قیمت مقرر تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا جبکہ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال خفیہ سرنگوں اور بنکروں کا نیٹ ورک بھی تباہ کر دیا گیا ہے جس سے ان کے ٹھکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

صدر مملکت نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے جن میں 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں ملک میں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔

صدر مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں، خفیہ سرنگوں اور بنکروں کی تباہی کو سیکیورٹی اداروں کی منظم اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ ان کے مطابق انتہائی مطلوب دہشت گرد کو انجام تک پہنچانا بھی فورسز کی مہارت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ ملک میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں