عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اعلیٰ حکومتی رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں نمازِ عید ادا کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے جاتی امرا میں شریف خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ نمازِ عید ادا کی۔
نماز کے بعد نواز شریف نے اپنے والدین، اہلیہ اور مرحوم بھائی کی قبروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں واقع زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی جہاں ملکی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نمازِ عید کے بعد صدر نے شہریوں اور معززین سے عید ملی جبکہ زرداری ہاؤس میں شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر علی حسن زرداری، ضیاء الحسن لنجار اور عاشق حسین زرداری نے بھی زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی۔ میئر نواب شاہ رشید بھٹی، ڈپٹی میئر مبشر آرائیں، منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔
ادھر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں باغ ناران میں نمازِ عید ادا کی۔ نماز کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے آبائی گاؤں کوکار، ڈیرہ اسماعیل خان میں نمازِ عید ادا کی اور بعد ازاں نمازیوں سے ملاقات کرکے عید کی مبارکباد دی۔














