Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے بہترین اور مخلصانہ کردار ادا کررہا ہے، ترجمان دفترخارجہ

پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے بہترین اور مخلصانہ کردار ادا کررہا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ہفتے پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کے لحاظ سے انتہائی مصروف رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس کے دوران چینی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوئیں، دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے بعد امریکا کا دورہ کیا جہاں ان کی امریکی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں ان ملاقاتوں میں خطے میں امن کے فروغ اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا جبکہ امریکی قیادت نے بھی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور کویت کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطے کیے جو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کا حصہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے مخلصانہ اور فعال کردار ادا کر رہا ہے اور سفارتی سطح پر مسلسل رابطے جاری ہیں۔

بریفنگ میں ترجمان نے فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی ہے جبکہ مقبوضہ فلسطین میں اشتعال انگیز اقدامات کو مسترد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق مشرقی القدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی اقدامات روکے۔ خطے میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں