راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ یہ کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ دوسری کارروائی ضلع مہمند میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مارے جانے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کے لیے پُرعزم ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔


















