Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اپنا گھر اسکیم، وزیر اعظم نے منظوری کا عمل مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا

اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو درخواست فارم 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر ’’اپنا گھر‘‘ سکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سکیم کی پیشرفت، قرضوں کی فراہمی اور عوامی دلچسپی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر سکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو اپنے گھر کا خواب دیکھنے والے مزید ہزاروں خاندانوں کی خواہش جلد پوری ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیم کی کامیابی نہ صرف عام شہریوں کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس سے تعمیرات کے شعبے میں بھی نمایاں تیزی آئے گی جس کے نتیجے میں اس سے وابستہ صنعتوں کو فروغ ملے گا اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر سے 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں سے 16 ہزار 587 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 3 ہزار 146 درخواست گزاروں کو قرضوں کی رقم بھی فراہم کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال مارچ میں سکیم کے قواعد و ضوابط کو مزید آسان بنانے کے بعد درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس کے علاوہ قرضوں کی فراہمی کے عمل کو ڈیجیٹل ہب، سہولت مراکز اور دیگر جدید اقدامات کے ذریعے مزید تیز بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی کہ درخواست فارم کو مزید آسان اور عام فہم بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے بینکوں کو بھی ہدایت کی کہ درست درخواستوں کی منظوری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو درخواست فارم 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے جبکہ سکیم کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ زمینوں کے کاغذات کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں جبکہ ملک بھر میں سکیم سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، مختلف بینکوں کے صدور و سی ای اوز، صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں