اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا کہ 15 جون کو ملک بھر میں نئے چاند کے نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں جب کہ یکم محرم الحرام 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 15 جون کی صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا تاہم اسی روز شام کے وقت اس کی عمر اتنی نہیں ہوگی کہ اسے آسانی سے دیکھا جاسکے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ 29 ذوالحج کی شام ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے لیکن اس کے باوجود چاند کی رویت ممکن نظر نہیں آتی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں چاند رات 7 بج کر 59 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ سندھ میں اس کے غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 5 منٹ بتایا گیا ہے۔
آزاد کشمیر میں چاند رات 8 بج کر 7 منٹ تک افق پر موجود رہے گا جب کہ گلگت بلتستان میں یہ وقت رات 8 بج کر 12 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں چاند رات 8 بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ بلوچستان میں سب سے آخر میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر چاند افق سے اوجھل ہوگا۔
















