گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پی پی نے تین کامیاب آزاد امیدواروں کے ساتھ معاملات طے کر لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے دو کامیاب آزاد امیدوار باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے، جبکہ ایک آزاد امیدوار حکومت سازی کے مرحلے میں پیپلز پارٹی کو اعتماد کا ووٹ دے گا۔
سیاسی حلقوں کے مطابق آزاد امیدواروں کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کی اسمبلی میں پوزیشن مزید مضبوط ہوگی اور مخصوص نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی رابطے بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پارٹی رہنما اس پیش رفت کو حکومت کے قیام کی جانب ایک اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔















