وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے محرم الحرام 2026 کے دوران امن و امان کے قیام، مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے لیے فوری طور پر جامع ہنگامی اور مواصلاتی منصوبہ (کنٹی جنسی اور کمیونیکیشن پلان) تیار کیا جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع، رینجز اور پولیس زونز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موجودہ سکیورٹی منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر، جامع اور نتیجہ خیز بنائیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے شرپسند عناصر، کالعدم تنظیموں اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
انہوں نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر عائد قانونی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد اور ان کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ سندھ نے تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضلعی اور تھانہ سطح کی امن کمیٹیوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے اور اجلاسوں کے انعقاد پر زور دیا۔
ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں کا مکمل سروے، سکیورٹی آڈٹ اور خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے اینٹی رائٹ فورس، ریزرو پولیس اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود، اینٹی رائٹ کٹس اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جدید کنٹرول رومز اور مواصلاتی نظام ہر وقت فعال رکھے جائیں اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مذہبی منافرت، اشتعال انگیز مواد، وال چاکنگ اور غیرقانونی پمفلٹس کی تقسیم کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔
ضیاء الحسن لنجار نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹنے کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ محرم الحرام 2026 کے پرامن انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، جبکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

















