اسلام آباد: سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ کردیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے آج سوئٹزرلینڈ روانہ ہونا تھا۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے بتایا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، یہ معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
I am honoured to announce that the historic ‘Islamabad Memorandum of Understanding’ has been electronically signed today between the United States of America and the Islamic Republic of Iran. The Memorandum has been signed by honourable Presidents of both the countries and also…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 18, 2026
شہباز شریف نے بتایا تھا کہ ایران جلد آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دے گا جب کہ سوئٹزرلینڈ میں 19 جون کو اس حوالے سے ایک تاریخی تقریب منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور قطر اس تقریب کی میزبانی میں شریک ہوں گے اور تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز بھی اسی تاریخ سے ہوگا۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی قیادت نے ایک بڑے ممکنہ تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، امریکی مذاکراتی ٹیم کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے ایرانی قیادت، بشمول سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر پزشکیان کی کوششوں کو امن کے لیے اہم قرار دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے کردار کو بھی سراہا۔

















