Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اسپورٹس صحافت کا ایک روشن باب سینئر جرنلسٹ قمر احمد انتقال کر گئے

نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب بیت السلام مسجد، ڈی ایچ اے فیز 4 کراچی میں ادا کی جائے گی

پاکستان میں کرکٹ صحافت کی تاریخ کے ایک معتبر نام، سینئر اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علالت میں مبتلا تھے اور دل کے عارضے کے باعث کراچی میں ان کا انتقال ہوا۔

قمر احمد ان ابتدائی صحافیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے پاکستان میں کرکٹ رپورٹنگ کو بین الاقوامی معیار تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اپنے صحافتی کیریئر کے دوران انہوں نے دنیا بھر میں 400 سے زائد ٹیسٹ اور 600 سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی کوریج کی جبکہ متعدد آئی سی سی ایونٹس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صحافتی خدمات انجام دیں۔

23 اکتوبر 1937 کو اتر پردیش میں پیدا ہونے والے قمر احمد نے زندگی کا ایک بڑا حصہ انگلینڈ میں بھی گزارا جہاں انہوں نے کرکٹ صحافت کو نئی جہت دی۔ وہ نہ صرف صحافی تھے بلکہ میدانِ کرکٹ سے بھی ان کا گہرا تعلق رہا انہوں نے 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور قائداعظم ٹرافی میں حیدرآباد ٹیم کی قیادت بھی کی۔

ان کی تحریریں اور تجزیے انہیں دنیا بھر میں ایک معتبر کرکٹ رائٹر کے طور پر پہچان دلاتے رہے اور وہ طویل عرصے تک بین الاقوامی کرکٹ میڈیا کا اہم نام سمجھے جاتے رہے۔

مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب بیت السلام مسجد، ڈی ایچ اے فیز 4 کراچی میں ادا کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں