Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر کے انتخابات متنازع ہوچکے، شفاف الیکشن ہی سیاسی استحکام کی ضمانت ہیں؛ بلاول بھٹو

الیکشن کا اگلا مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے، اس پر سب مل کر کام کریں گے، بلاول بھٹو

مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات متنازع ہوچکے ہیں جب کہ سیاسی استحکام کے لیے پہلا مرحلہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات متنازع ہوچکے ہیں اور مہاجرین کی نشستیں بھی تنازع کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں کا مسئلہ درست انداز میں اجاگر نہیں ہوا جب کہ جیتنے والے امیدواروں کا کام صرف نشستیں سنبھالنا نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل بھی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ متنازع حکومت کے پاس اہم مسائل حل کرنے کا مؤثر مینڈیٹ نہیں ہوگا جب کہ محسوس ہورہا ہے کہ کشمیر اس وقت سیاسی بحران سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے کشمیر کے مستقبل سے جڑے ہیں، اس لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ اندرونی نظام میں کس نوعیت کی اصلاحات لائی جاسکتی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کشمیر کے عوام کو بھی برابر کے حقوق ملیں اور کشمیر کا فیصلہ خود کشمیری عوام ہی کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ میرپور کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کی حمایت کریں گے اور پارٹی امیدواروں کو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں زیادہ بڑا مینڈیٹ ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور پر عملدرآمد کے ذریعے کشمیر کو موجودہ بحران سے نکالا جاسکتا ہے جب کہ انتخابات کا اگلا مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے جس پر سب مل کر کام کریں گے۔

متعلقہ خبریں