راولپنڈی: امریکی ایوانِ نمائندگان کے دو ارکان نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، معاشی شراکت داری اور دوطرفہ تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کے دو ارکان نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت اور علاقائی روابط پر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی وفد کو پاکستان میں کاروبار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے نجی شعبے کے اشتراک اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفد نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی عسکری قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔















