لکی مروت: خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کے دوران متعدد خوارج کو ہلاک جب کہ ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں جن میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ کارروائیوں کے دوران کئی دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا جب کہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ شہری آبادی اور عوام کے جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے، اسی لیے آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دیے جارہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔















