اٹلی میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ملک کے 27 شہروں میں انتہائی درجے کا ہیٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ جھلسا دینے والی گرمی کے باعث کئی اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز 25 شہروں کو ریڈ ہیٹ الرٹ میں رکھا گیا، جبکہ جمعرات کو یہ تعداد بڑھ کر 27 ہو جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شدید گرمی سے ممکنہ طور پر تین مزید اموات سامنے آئی ہیں۔ ایک 40 سالہ بڑھئی چھت پر کام کے دوران طبیعت خراب ہونے سے جان کی بازی ہار گیا جبکہ 55 سالہ سیکیورٹی گارڈ گاڑی میں بیٹھے ہوئے طبی ایمرجنسی کا شکار ہوا۔ اس کے علاوہ 90 سالہ خاتون بھی باغ میں موجودگی کے دوران دم توڑ گئیں۔
حکام کو خدشہ ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث خشک سالی اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ اٹلی کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑکنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ فائر فائٹرز کئی مقامات پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی زیادہ پینے اور بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


















