Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دفاعی معاہدہ امن و سلامتی کے لیے ہے کسی کے خلاف جارحیت نہیں، شہباز شریف

انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والا سہ فریقی دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے یہ کسی ملک کے خلاف جارحانہ اقدام نہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ امت مسلمہ کے لیے باعث تقویت ہے جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون کی نئی بنیاد نہیں بلکہ پہلے سے موجود دیرینہ تعلقات کا تسلسل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی تعاون کا معاہدہ ہوا تھا، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات اور تعاون موجود ہے۔

انہوں نے سہ فریقی دفاعی معاہدے کی تکمیل پر نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور افواج کے لیے ایک اہم فریضہ ہے جسے ہمیشہ ذمہ داری کے ساتھ نبھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم برقرار ہے۔

انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے میجر حافظ احسان الہیٰ، کیپٹن حمزہ اکرم، ڈی ایس پی دیار خان سمیت تمام شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بہادر سپوتوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنما اقبال چنڑ کے انتقال پر بھی گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں