Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

مطالبات منظور ہونے تک احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا، ٹرانسپورٹرز

گڈز ٹرانسپورٹرز اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ڈیڈ لاک برقرار رہنے پر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

ہڑتالی کیمپ ٹرک اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، حکومت نے مسائل سنے ضرور ہیں لیکن اب بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی ہو یا صوبائی حکومت، کوئی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ٹول ٹیکس میں بھی فوری ریلیف دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کسی بھی یقین دہانی پر اب بھروسہ نہیں کریں گے، کیونکہ ماضی میں وعدے پورے نہیں ہوئے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز رہنما نے الزام عائد کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں کے باعث ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے، حکومتیں اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز مشکلات کا شکار ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ جنگی حالات میں بھی ٹرانسپورٹرز نے نقصان برداشت کرکے گاڑیاں چلائیں، اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا حکومت کی مجبوری ہے تو مختلف مدات میں عائد ٹیکسز ختم کرنے میں کیا رکاوٹ ہے؟

انہوں نے سندھ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس معاملے پر بالکل بھی سنجیدہ نہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں