Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیب کی بڑی کارروائی؛ دھابیجی، ٹھٹھہ کی 435 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی

یہ انکوائری جعلی دستاویزات کی بنیاد پر 435 ایکڑ اراضی کی غیر قانونی/خلافِ قانون لیز میں توسیع سے متعلق ہے

نیب نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دھابیجی، ضلع ٹھٹھہ میں 435 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی لیز منسوخ کر کے  واگزار کرالی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے اپنی ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسٹر ساجد ہارون اور مسٹر فواد انور، جو میسرز دھابیجی سالٹ ورکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ڈی ایس ڈبلیو) اور میسرز ایکوا فوڈ (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ڈی اے ایف پی ایل)، دھابیجی، ضلع ٹھٹھہ کے مالکان، اور دیگر کے خلاف جاری انکوائری میں 435 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واپس حاصل کرلی ہے۔

یہ انکوائری جعلی دستاویزات کی بنیاد پر 435 ایکڑ اراضی کی غیر قانونی/خلافِ قانون لیز میں توسیع سے متعلق ہے جس کی مالیت 2.61 ارب روپے ہے۔

نیب کراچی کی مداخلت اور متعلقہ محکمۂ ریونیو کے حکام سے خط و کتابت کے نتیجے میں محکمۂ لینڈ یوٹیلائزیشن، حکومتِ سندھ کے سیکریٹری نے 20 اگست 2026 کو جاری کردہ حکم کے ذریعے مذکورہ 435-00 ایکڑ اراضی کی غیر قانونی لیز منسوخ کر دی ہے۔

نتیجتاً مذکورہ اراضی حکومتِ سندھ/ریاست کو واپس حاصل ہو گئی ہے اور اب ہر قسم کے بوجھ اور قانونی رکاوٹ سے پاک ہے۔

نیب کراچی عوامی اثاثوں کے تحفظ اور قانون کے مطابق احتساب کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

متعلقہ خبریں