وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ پانی کو کبھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آج مجھے بشکیک میں ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان نے 2027 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھال لی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کرغزستان کو کامیابی سے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے اور تنظیم کی بہترین انداز میں قیادت کرنے پر مبارکباد پیش کی۔’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ کی رہنمائی میں گزشتہ 25 برسوں کے دوران ایس سی او علاقائی تعاون کے لیے ایک اہم فورم کے طور پر ابھری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ذکر کیا میں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی مذمت کی جانی چاہیے جبکہ میں نے رکن ممالک کو یہ بھی یاد دلایا کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے پانی کو کبھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ پانیوں سے متعلق پابند معاہدوں پر ان کی روح اور متن کے مطابق مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی اپنی سربراہی اس عنوان کے تحت انجام دے گا ’’تصور کو عملی اقدام میں ڈھالنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ایس سی او مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گی اور اپنے تین ارب سے زائد عوام کی زندگیوں میں بامعنی اور مثبت بہتری لانے میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔

















