Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیرا شوٹر 15 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوا معلق! دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

 میلبورن: آسٹریلیا میں ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے محفوظ پیراشوٹنگ پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

آسٹریلوی حکام نے ایک ایسی دل دہلا دینے والی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک اسکائی ڈائیور کا پیراشوٹ اچانک طیارے کی دم سے اُلجھ جاتا ہے اور وہ 15 ہزار فٹ (4,500 میٹر) کی بلندی پر طیارے کے ساتھ لٹکا نظر آتا ہے۔

یہ خطرناک واقعہ 20 ستمبر کو ریاست کوئنز لینڈ کے ٹیلی ایئرپورٹ پر پیش آیا جب اسکائی ڈائیور ایڈرین فرگوسن جمپ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

خوش قسمتی سے فرگوسن نے ہنگامی چاقو استعمال کرتے ہوئے خود کو رسّیوں سے آزاد کرلیا اور معمولی زخمی ہوا، جبکہ پائلٹ اور جہاز میں موجود دیگر 16 پیراشوٹ جمپر محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی بلندی پر پیراشوٹ سے منسلک ’پیانو‘ کو بجانے کا مظاہرہ

آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کی رپورٹ کے مطابق طیارہ مطلوبہ بلندی پر پہنچ چکا تھا جہاں 16 افراد نے مل کر گروپ جمپ کرنا تھا جبکہ ایک 17واں پیراشوٹسٹ ویڈیو ریکارڈنگ کے لئے دروازے پر موجود تھا۔

جیسے ہی فرگوسن جہاز سے نکلنے لگا، اس کے ریزرو پیراشوٹ کا رِپ کور طیارے کے ونگ فلیپ میں پھنس گیا۔

پیراشوٹ اچانک کھلنے سے فرگوسن کو زوردار جھٹکا لگا، جس سے وہ ویڈیو ریکارڈ کرنے والے پیراشوٹسٹ سے ٹکرایا اور پھر طیارے سے الجھ گیا۔

فرگوسن کی ٹانگیں طیارے کے افقی اسٹیبلائزر سے بھی ٹکرائیں جس کے بعد پیراشوٹ دم کے گرد لپٹ گیا اور وہ طیارے کے ساتھ لٹک گیا۔

زندگی اور موت کے درمیان معلق فرگوسن نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیراشوٹ کی 11 رسیاں کاٹ دیں، جس کے بعد وہ نیچے گرا اور فوراً اپنا مین پیراشوٹ کھول لیا۔ اور زمین پر بحفاظت لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔