ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دہشتگردانہ حملے کے بعد ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے لیے سیکیورٹی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی حکام نے دہشتگردانہ حملے کے بعد ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوران سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 17 دسمبر کو ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت مقابلہ ایشز سیریز سے زیادہ سنسنی خیز ہوتا ہے، مائیکل وان
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سڈنی دہشتگردانہ حملے کے پیش نظر ایڈیلیڈ اوول میں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
جنوبی آسٹریلیا پولیس کے کمشنر گرانٹ اسٹوینز نے کہا کہ سیکیورٹی ریسپانس سیکشن کے تربیت یافتہ پولیس اہلکار اسٹیڈیم اور اس کے گردونواح میں تعینات ہوں گے۔
حکام کے مطابق یہ اہلکار بڑے عوامی اجتماعات میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ ہیں۔
کمشنر نے مزید بتایا کہ یہ اقدامات پیشگی ہیں اور ان کا مقصد آنے والے ایشز ٹیسٹ کے ساتھ کوئی مخصوص خطرہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس دوران اسٹیٹ پولیس، نجی سیکیورٹی اہلکار اور اسٹیڈیم انتظامیہ کے درمیان تعاون بھی بڑھایا جائے گا۔
شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وقت سے قبل پہنچیں اور سیکیورٹی چیکنگ میں تعاون کریں۔
مزید پڑھیں: بارش کے باعث انگلینڈ کے ارمان ٹھنڈے، آسٹریلیا کی ایشز سیریز میں ناقابل شکست برتری
کرکٹ آسٹریلیا نے بھی تصدیق کی کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران شائقین کی حفاظت اولین ترجیح ہوگی اور ضرورت پڑنے پر مزید سیکیورٹی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
ایشز سیریز کا یہ میچ سڈنی میں المناک واقعے کے بعد، جس میں 16 افراد کو قتل کردیا گیا ہے، بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں ایک اہم موقع ہے۔
یہ ٹیسٹ اضافی سیکیورٹی کے ساتھ منعقد کیا جائے گا تاکہ سب کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔



















