Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کا بڑا یو ٹرن، ایران پر حملے روکنے کا اعلان کر دیا

ایران کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد کشیدگی کم کرنے کی راہ ہموار ہوئی، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف متوقع فوجی کارروائی مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطحی رابطوں اور سفارتی پیش رفت کے بعد آج طے شدہ حملوں اور بمباری کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد کشیدگی کم کرنے کی راہ ہموار ہوئی جس کے باعث حملوں کو فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکی ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مجوزہ معاہدہ مکمل طور پر نافذ نہیں ہو جاتا۔

امریکی صدر کے مطابق معاہدے کے حتمی نکات پر تمام متعلقہ فریقین نے اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا، اسرائیل، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے مجوزہ نکات کی حمایت کی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قطر، ترکیہ، پاکستان، بحرین، کویت، اردن اور مصر نے بھی معاہدے کے نکات پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد خطے میں ممکنہ تصادم کے خطرات میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ کے اس اعلان نے عالمی سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ چند گھنٹے قبل تک ایران کے خلاف دوبارہ ممکنہ فوجی کارروائی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ تازہ پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم معاہدے کی تفصیلات اور متعلقہ ممالک کے باضابطہ مؤقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں