امریکا کی جانب سے ایران میں نئے حملوں کے اعلان کے بعد تہران، بندر عباس، میناب، سیرک اور دیگر علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران اور بندر عباس سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹس کے مطابق مغربی تہران اور صوبہ فارس میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی نگرانی اور دفاعی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بعض دھماکوں کی آوازیں خلیج فارس میں جاری عسکری سرگرمیوں سے منسلک ہو سکتی ہیں۔
ایرانی میڈیا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جزائر کیش اور قشم میں کسی دھماکے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں متعدد اہداف کے خلاف اضافی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم حملوں کی مکمل تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔




















