Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کلاس روم اور کچن چھوڑ کر کرکٹ کے میدان میں، اٹلی کی ٹیم کا انوکھا سفر

ٹیم میں پاکستانی نژاد کھلاڑی زین علی، حسن علی اور سید نقوی بھی شامل ہیں

کرکٹ ورلڈ کپ میں اس بار ایک ایسی ٹیم میدان میں اترنے جا رہی ہے جس کی کہانی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں۔

اٹلی کی قومی ٹیم میں پیزا بنانے کے ماہرین اور اساتذہ شامل ہیں جو پیشے کے اعتبار سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں مگر کرکٹ کا جنون انہیں ایک پرچم تلے لے آیا ہے۔

ٹیم کے بعض کھلاڑی تارکین وطن ہیں جو بچپن سے اٹلی میں مقیم ہیں، جبکہ چند کا تعلق آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سے ہے۔ اٹلی سے آبائی رشتہ ہونے کے باعث وہ قومی ٹیم کا حصہ بنے۔

34 سالہ کرشن جورج کولوگامگے بھی اسی منفرد اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ وہ 16 برس کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ اٹلی منتقل ہوئے۔ بچپن میں اپنے آبائی ملک میں کرکٹ کھیلتے رہے اور بعد ازاں اٹلی میں ایتھلیٹکس میں بھی حصہ لیا۔

تاہم جب لوکا میں کرکٹ ٹیم قائم ہوئی تو انہیں دوبارہ بیٹ اور بال تھامنے کا موقع مل گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کولوگامگے پیشے کے اعتبار سے ماہر پیزا میکر ہیں اور ویک اینڈ پر روم جا کر کلب کرکٹ کھیلتے ہیں۔

ان کے ساتھ پاکستانی نژاد کھلاڑی زین علی، حسن علی اور سید نقوی بھی شامل ہیں جو اٹلی میں پلے بڑھے اور اب عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کولوگامگے نے کہا کہ ہمیں بڑی ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ہم اتنے دباؤ اور ہزاروں تماشائیوں کے سامنے کھیلیں گے، لیکن ہم پوری طرح تیار ہیں۔

یہ ٹیم ثابت کر رہی ہے کہ کرکٹ صرف پیشہ ور کھلاڑیوں کا کھیل نہیں بلکہ جذبہ، محنت اور خوابوں کی تکمیل کا نام بھی ہے۔ اس بار ورلڈ کپ میں اٹلی کی ٹیم نہ صرف اپنے کھیل بلکہ اپنی انوکھی کہانی کی وجہ سے بھی سب کی توجہ کا مرکز بنے گی۔