Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کولیسٹرول کو 60 فیصد سے بھی کم کرنے والی نئی دوا تیار

دوا کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اس ٹرائل میں 100 صحت مند رضاکاروں کو شامل کیا گیا۔

خون میں موجود خطرناک کولیسٹرول کو 60 فیصد سے بھی کم کرنے والی نئی دوا ٹی ایل سی 2716 تیار کرلی گئی ہے۔

ماہرین نے ابتدائی انسانی تجربات میں نئی دوا ٹی ایل سی 2716 کو خون میں موجود خطرناک چربی کم کرنے میں مؤثر قرار دیا ہے۔ یہ پیش رفت دل کی بیماریوں اور دیگر میٹابولک امراض کے خطرے کو کم کرنے میں اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

ٹی ایل سی 2716 کے تجرباتی ٹرائل میں رضاکاروں کے خون میں ٹرائی گلیسرائیڈز تقریباً 40 فیصد اور باقی ماندہ کولیسٹرول 60 فیصد سے زیادہ کم ہوا۔

دوا کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اس ٹرائل میں 100 صحت مند رضاکاروں کو شامل کیا گیا اور ابتدائی طور پر یہ محفوظ ثابت ہوئی۔

ماہرین کے مطابق دوا جگر اور آنت میں ایک مخصوص میٹابولک سوئچ کو متاثر کرتی ہے جو چربی کی پیداوار اور ہضم کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سوئچ کی سرگرمی محدود ہونے سے خون میں نقصان دہ چربی کی سطح میں واضح کمی دیکھی گئی جب کہ تجربے کے دوران رضاکاروں کو روزانہ دوا دی گئی جس سے ان کے جگر اور آنت کی چربی ہینڈلنگ میں کمی آئی۔

ہائی ڈوز پر ٹرائی گلیسرائیڈز میں 38.5 فیصد اور کھانے کے بعد باقی ماندہ کولیسٹرول میں 61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین نے بتایا کہ دوا محفوظ اور برداشت میں آسان ہے اور زبانی استعمال کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہ علاج خون سے اضافی چربی صاف کرنے اور چربی کی پیداوار کم کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔

اب ٹی ایل سی 2716 کے مزید تجربات زائد وزن اور زیادہ خون کی چربی رکھنے والے افراد پر کیے جائیں گے۔ ابتدائی نتائج امید افزا ہیں مگر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان کا جائزہ احتیاط سے لینا ضروری ہے۔