سعودی عرب کی معروف تعلیمی اور تحقیقی جامعہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سال 2026 کے لیے اپنے وزیٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام کے تحت بین الاقوامی سطح پر مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
یہ پروگرام بیچلرز اور ماسٹرز کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس کا دورانیہ تین سے چھ ماہ پر مشتمل ہوگا۔ اس انٹرن شپ کے ذریعے طلبہ کو جدید تحقیقی ماحول میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
انٹرن شپ کی مالی سہولیات
منتخب ہونے والے طلبہ کو جامعہ کی جانب سے مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس میں ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ آنے اور جانے کے ہوائی سفر کے اخراجات، رہائش کے لیے ذاتی کمرہ بمعہ باتھ روم، صحت کی سہولت، ویزا سپورٹ اور جدید تحقیقی لیبارٹریوں تک مکمل رسائی بھی دی جائے گی۔
طلبہ کو عالمی شہرت یافتہ اساتذہ کی نگرانی میں تحقیق کرنے، پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل کرنے اور کیمپس میں سماجی و ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔
کن شعبوں میں مواقع دستیاب ہیں؟
یہ انٹرن شپ مختلف سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں فراہم کی جارہی ہے جن میں سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی علوم، کمپیوٹر سائنس، ریاضیاتی علوم، طبیعیات، الیکٹریکل انجینئرنگ، پانی اور توانائی سے متعلق تحقیق اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔
اہلیت کا معیار
اس پروگرام کے لیے دنیا بھر کے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں جن میں پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں۔ درخواست گزار کا کم از کم تیسرا سال بیچلرز یا ماسٹرز میں زیر تعلیم ہونا ضروری ہے۔
تعلیمی کارکردگی کا معیار چار میں سے کم از کم تین اعشاریہ پانچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ انگریزی زبان پر عبور لازمی ہے تاہم کسی ٹیسٹ کی شرط نہیں رکھی گئی۔
درخواست دینے کا طریقہ
دلچسپی رکھنے والے طلبہ آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی تعلیمی اسناد، سی وی، ذاتی بیان، سفارشی خط اور پاسپورٹ کی کاپی جمع کراسکتے ہیں۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ درخواستیں سال بھر جمع کرائی جاسکتی ہیں جب کہ منتخب امیدواروں کو چند ہفتوں کے اندر آگاہ کردیا جائے گا۔



















