پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے افغان طالبان کے خلاف “آپریشن غضب للحق” کے نام سے جوابی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس آپریشن کے دوران اب تک 274 افغان جنگجو ہلاک جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ افغان طالبان کی 27 پوسٹیں تباہ جبکہ 9 پوسٹوں پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔
پاک-افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کی بھرپور جوابی وار جاری ہیں اور تازہ ترین کارروائی میں پاک فوج نے افغانستان میں ایمونیشن ڈپو اور پیٹرولیم کے بڑے ذخائر تباہ کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابل، پکتیا اور قندھار میں مبینہ ملٹری تنصیبات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انگوراڈہ اور ولی خان سیکٹر سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں بھی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں۔ پاکستانی فورسز نے آرٹلری اور کوارڈ کاپٹرز کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کے بعد یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ قندھار میں افغان طالبان کے ایک کور ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کیا گیا جبکہ متعدد اہم پوسٹس مکمل طور پر مسمار کر دی گئیں۔ بعض مقامات پر افغان فورسز کی جانب سے سفید جھنڈا لہرانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق مسلح افواج ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی، جس کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا۔
Afghan Taliban regime unprovoked action along the Pakistan–Afghanistan border given an immediate, and effective response.
Afghan Taliban miscalculated and opened unprovoked fire on multiple locations across Pakistan Afghanistan border in KP which is being met with immediate, and…
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) February 26, 2026
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزارت کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان بارڈر کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر میں جوابی کارروائی کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ کابل، پکتیا اور قندھار میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید جانی نقصان کی اطلاعات ہیں جبکہ دو کور ہیڈکوارٹرز، تین بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور دو اسلحہ ڈپو تباہ کیے گئے ہیں۔

















