پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے اہم امتحان 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے لیا جائے گا۔
اعلان کے مطابق پنجاب میں امتحان کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے سپرد ہوگی، جبکہ سندھ میں ایم ڈی کیٹ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں یہ امتحان خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور لے گی، اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ امتحان کا انعقاد کرے گی۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض کے امتحانی مراکز کے لیے ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (SZABMU) کو دی گئی ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا جبکہ بغیر لیٹ فیس کے رجسٹریشن 8 جولائی کو بند ہو جائے گی۔ لیٹ فیس کے ساتھ امیدوار 13 جولائی تک درخواست جمع کرا سکیں گے۔
فیس ڈھانچے کے مطابق پاکستان میں امتحانی فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی۔ بیرون ملک امتحانی مراکز کے لیے فیس 45 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی قرار دی گئی ہیں۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا شیڈول جاری ہونے کے بعد طلبہ میں تیاریوں کا سلسلہ مزید تیز ہونے کی توقع ہے، جبکہ یہ امتحان ملک بھر میں میڈیکل تعلیم کے داخلوں کا فیصلہ کن مرحلہ تصور کیا جاتا ہے۔


















