Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپریشن ”غضب للحق“ جاری: 331 افغان طالبان ہلاک، 104 چوکیاں تباہ، 22 پر قبضہ

حالیہ کارروائیوں میں افغان طالبان کے درجنوں ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن ”غضب للحق“ بدستور جاری ہے۔

  وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تازہ ترین صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کے 331 کارندے ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے، 104 چیک پوسٹیں تباہ جبکہ 22 پر قبضہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 163 ٹینک اور گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں اور 37 مختلف مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زمینی اور فضائی دونوں محاذوں پر کارروائیاں کی جارہی ہیں اور اہداف کے حصول تک آپریشن جاری رہے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فضائیہ نے افغانستان کے صوبہ ننگرھار میں افغان طالبان کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا جبکہ بٹالین ہیڈکوارٹرز پر بھی فضائی حملہ کیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جارہا ہے اور صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ زئوبا سیکٹر میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

مزید پڑھیں: آپریشن غضب للحق جاری؛ 274 افغان طالبان ہلاک، 27 پوسٹیں تباہ، 9 پر قبضہ

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان گالف پوسٹ کو مؤثر حملے میں تباہ کیا جبکہ ساؤتھ کمپلیکس کے قریب ایک گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

 مزید بتایا گیا ہے کہ نیو افغان 8 پوسٹ پر قبضہ کر کے اسے دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جس کے بعد مخالف عناصر کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں افغان طالبان کے درجنوں ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تاہم، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔