Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش، تیز ہواؤں سے درخت، سائن بورڈز اور سولر پینلز گر گئے

وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

شہر قائد میں شدید آندھی اور طوفانی بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا، جہاں مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث درخت، سائن بورڈز اور سولر پینلز گرنے کے واقعات پیش آئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر 90 جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جس کے باعث متعدد علاقوں میں کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، سرجانی، بلدیہ، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گلستانِ جوہر، منگھوپیر، سائٹ ایریا، کینٹ، ڈیفنس، کلفٹن اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق ناظم آباد چاؤلہ مارکیٹ، آئی آئی چندریگر روڈ اور برنس روڈ کے قریب درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تیز ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر ہوٹلوں کی کرسیاں اور میزیں بھی اڑ گئیں۔

بارش کے بعد شہر میں موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس سے ٹھنڈ کی ہلکی واپسی محسوس کی گئی۔

صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریفک پولیس کو سڑکوں پر روانی برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔