Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا؛ ریلوے ٹریک پر دھماکے کا منصوبہ ناکام، 5 دہشت گرد گرفتار

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، آئی ای ڈی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

کراچی: ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سندھ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کراچی اور حساس ادارے کی مشترکہ کامیاب کارروائی میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کا منصوبہ ناکام بناکر 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں کمانڈر جھنور، علی جان، نور محمد، جامک اور نیاز شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے بارودی مواد، آئی ای ڈی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ کے کارندے ہیں۔ چند ماہ کے دوران شکارپور اور جیکب آباد میں 6 دھماکے کیے گئے جن میں ریلوے ٹریک اور ٹرین کی بوگیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تمام حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ نے قبول کی تھی۔

غلام اظفر مہیسر نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش کئی کارروائیوں کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے جیکب آباد اور شکارپور میں ریلوے ٹریک پر دھماکوں اور 7 اکتوبر کو جعفر ایکسپریس پر شکارپور میں حملے کا اعتراف کیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے لہڑی بلوچستان سے ٹریننگ حاصل کی ہے اور انہیں بارودی مواد بھی لہڑی بلوچستان سے دیا جاتا تھا۔ دہشت گرد بچنے کے لیے فیملی کے ساتھ بارودی مواد کی ترسیل کرتے تھے۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ سہولت کاروں، ساتھیوں اور سرپرستوں کی گرفتاری کے لیے حساس اداروں کے ساتھ مل کر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کوئی شک نہیں ان دہشت گردوں کو پڑوسی ملک استعمال کررہا ہے اور انہیں فنڈنگ پڑوسی ملک کی جانب سے کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے 2025 میں سندھ میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔ سی ٹی ڈی، پولیس سمیت تمام ادارے دن رات محنت کررہے ہیں۔ تمام ادارے کام کررہے ہیں اسی لیے دہشت گردی کو روکا جارہا ہے۔

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ خودکش بمبار، خواتین خودکش بمبار، 2 ہزار کلو تک بارودی مواد پکڑا گیا۔ یہ ایک ہی گروپ ہے جو سندھ، بلوچستان میں ریلوے ٹریکس پر تخریب کاری کرتا تھا۔