Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 11، کراچی کنگز کی شاندار فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 رنز سے زیر

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے اور حریف ٹیم کو 182 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کی جانب سے انگلش آل راؤنڈر معین علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 48 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

کپتان ڈیوڈ وارنر نے 35 جبکہ مرزا سعد بیگ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے احمد دانیال نے 3 اور الزاری جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے 79 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، جہاں شامل حسین نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 52 رنز بنائے جبکہ سعود شکیل نے 33 رنز اسکور کیے۔ تاہم مڈل آرڈر میں وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔

کراچی کنگز کے بولرز نے آخری اوورز میں بہترین کنٹرول دکھایا، خاص طور پر حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ریلی روسو اور بین میکڈرموٹ نے 25، 25 رنز کی اننگز کھیلیں، مگر ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز تک ہی پہنچ سکی اور 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں