Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میٹا نے پاکستان کی ای کامرس اور ڈیجیٹل پالیسیوں پر معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی

میٹا کا تربیتی پروگرام اگست سے نومبر تک جاری رہے گا جس میں ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو تربیت دی جائے گی

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے پاکستان کی ای کامرس اور ڈیجیٹل پالیسیوں پر عالمی ماہرین کے ذریعے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے وفد نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات  کی جس میں ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزارتِ تجارت  کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اے آئی اور ای کامرس کے شعبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے لیے جامع پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

 وفاقی وزیر نے دوران گفتگو پاکستان کی نوجوان آبادی اور تیزی سے بڑھتی ڈیجیٹل معیشت کو عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے اہم مواقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباروں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs)، کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔

جام کمال خان نے میٹا کی جانب سے ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروباری مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کرنے کے پروگرام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ تجارت میٹا کو چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور کاروباری ایسوسی ایشنز کے ساتھ روابط میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ملاقات کے دوران محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جسے ای کامرس کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔

دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل تجارت اور ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

میٹا کا تربیتی پروگرام اگست سے نومبر تک جاری رہے گا جس میں ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو تربیت دی جائے گی، جبکہ خواتین کاروباری افراد اور چھوٹے شہروں کے کاروباروں کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔