Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سی ایس ایس میں نوجوانوں کی رجسٹریشن بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ایف پی ایس سی نے سی ایس ایس امتحان میں نوجوانوں کی دلچسپی کم ہونے کے تاثر کو مسترد کردیا۔

اسلام آباد: وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے مطابق سی ایس ایس اسکریننگ ٹیسٹ (ایم پی ٹی) 2025 کے لیے 64 ہزار 81 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جو گزشتہ پانچ برسوں کی بلند ترین تعداد ہے۔

وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس امتحان میں نوجوانوں کی دلچسپی کم ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ایس ایس اسکریننگ ٹیسٹ (ایم پی ٹی) 2025 کے لیے 64 ہزار 81 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جو گزشتہ پانچ سال کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا کہ نوجوانوں کی سول سروس میں دلچسپی کم ہورہی ہے تاہم یہ دعویٰ دستیاب اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ایف پی ایس سی کے مطابق سول سروس میں دلچسپی جانچنے کا سب سے مستند پیمانہ سی ایس ایس اسکریننگ ٹیسٹ (ایم پی ٹی) ہے کیونکہ ہر امیدوار کے لیے تحریری امتحان میں شرکت سے قبل اس مرحلے سے گزرنا لازمی ہوتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سال 2025 میں اسکریننگ ٹیسٹ کے لیے امیدواروں کی رجسٹریشن میں سال 2022 کے مقابلے میں تقریباً 3.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی سول سروس میں دلچسپی برقرار ہے۔

کمیشن نے مزید کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں صرف 2022 اور 2025 کے درمیان درخواستوں کی تعداد کا موازنہ کیا گیا جبکہ اسکریننگ ٹیسٹ کے رجسٹریشن ڈیٹا کو نظر انداز کیا گیا۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں سال 2022 سے متعلق پیش کیے گئے اعداد و شمار بھی درست نہیں تھے۔

ایف پی ایس سی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ متعلقہ رپورٹ میں اسپیشل سی ایس ایس 2023 کا ذکر بھی شامل نہیں کیا گیا جس سے مجموعی صورتحال کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے خصوصی اقدام کے تحت خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 141 امیدواروں کو سول سروس میں تعینات کیا گیا، اس لیے آئندہ برسوں پر اس اقدام کے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

ایف پی ایس سی نے کہا کہ دستیاب اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سول سروس میں شمولیت آج بھی ایک پسندیدہ کیریئر اور اہم خواب ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی پبلک سروس کمیشن درست اور مستند اعداد و شمار پر مبنی رپورٹنگ کے فروغ کے لیے میڈیا اداروں سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے دستیاب ہے۔