Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں بڑی بیٹھک؛ جنگ بندی کے بعد پاکستان نے اگلا قدم اٹھا لیا

وزیراعظم نے فریقین کو بات چیت کے لیے اسلام آباد مدعو کرلیا

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جنگ بندی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امریکی و ایرانی وفود کو 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔

فریقین کی جانب جنگ بندی پر اتفاق کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں قوم کے ساتھ شیئر کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامید ہیں کہ ’’اسلام آباد مذاکرات“ پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل تعمیری انداز میں مصروفِ عمل رہا ہے تاکہ تمام تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے جہاں اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

 وزیراعظم نے دونوں ممالک کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پیش رفت کو ایک دانشمندانہ اور مثبت قدم قرار دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ انتہائی عاجزی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا اپنے اتحادیوں کے ہمراہ ہر جگہ بشمول لبنان اور دیگر علاقوں میں فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں جو فوراً نافذ العمل ہوگی۔

انہوں نے اس پیش رفت کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں