Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک ایران وزرائے داخلہ ملاقات، محسن نقوی نے ایرانی سپریم لیڈر کے لیے اہم پیغام پہنچا دیا

ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، محسن نقوی

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی دارالحکومت تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنین سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے ایک اہم خط لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور ثالثی کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تہران پہنچے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دیں گی اور موجودہ بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، اور جب ایک بھائی کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو دوسرا بھائی بھی اس کے درد اور مشکلات کو محسوس کرتا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کے نتیجے میں خطے کو درپیش بحران جلد ختم ہو جائے گا اور امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون، باہمی اعتماد اور قریبی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں