Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی کابینہ نے ویکسین، زراعت اور مہارتوں سے متعلق بڑی پالیسیوں کی منظوری دے دی

ملک میں ویکسین کی مقامی تیاری سے متعلق پالیسی کی منظوری دی گئی

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت، توانائی اور عوامی سہولت سے متعلق متعدد بڑے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی اور خطے میں امن کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے درپیش چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں صحت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملک میں ویکسین کی مقامی تیاری سے متعلق پالیسی کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد درآمدات پر انحصار کم کرنا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت یقینی بنانا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سیڈ پالیسی اور نیشنل اسکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی، جنہیں ملکی ترقی اور خود کفالت کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ادویات کی قیمتوں اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈریپ کی نگرانی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جو شفافیت اور عوامی مفاد کو یقینی بنائے گی۔

اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق نیپرا کی سالانہ رپورٹ 2025 اور اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2025 بھی کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں، جن میں مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

متعلقہ خبریں