حکومتی بجلی سبسڈی اسکیم کی آڑ میں ہیکرز اور جعلساز عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد صارفین کی ذاتی معلومات چوری ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پاور ڈویژن پاکستان نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق صارفین کو ایک مشکوک لنک پر کلک کروا کر چار مراحل میں اپنی معلومات درج کرنے کا کہا جاتا ہے جبکہ بعد ازاں اسی لنک پر 6 ہندسوں کا کوڈ بھی طلب کیا جاتا ہے۔
پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ بعض عناصر کیو آر کوڈز کے ذریعے شہریوں کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ایک غیر قانونی اور خطرناک عمل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل کے علاوہ کسی بھی دوسرے پلیٹ فارم پر ذاتی یا مالی معلومات درج نہیں کی جا سکتیں اور اس طرح کا کوئی بھی طریقہ کار جعلی اور قابلِ اعتراض ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
پاور ڈویژن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی سبسڈی یا کسی بھی حکومتی سہولت کے نام پر کسی غیر مصدقہ لنک، کیو آر کوڈ یا فارم میں اپنی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔

















