پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار علی رضا اور کنزہ ہاشمی ایک حالیہ فین میٹ اینڈ گریٹ ایونٹ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
دونوں فنکار اپنے نئے ڈرامے کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک شاپنگ مال میں مداحوں سے ملاقات کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک مداح کنزہ ہاشمی کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے آگے بڑھا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علی رضا نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے مداح کو پیچھے ہٹا دیا۔
ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض افراد نے علی رضا کے رویے کو غیر ضروری اور سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مداح کے ساتھ اس انداز میں پیش آنا مناسب نہیں تھا۔
View this post on Instagram
دوسری جانب کچھ صارفین نے اداکار کے اقدام کو سیکیورٹی کے تناظر میں درست قرار دیا اور کہا کہ عوامی تقریبات میں فنکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہوتا ہے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مداح عبید اعوان نے بھی ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ صرف تصویر بنوانا چاہتے تھے لیکن علی رضا نے انہیں پیچھے دھکیل دیا جو ان کے بقول مداحوں کی عزت کے خلاف ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس واقعے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’غیر مناسب رویہ‘ قرار دیا جبکہ بعض افراد نے علی رضا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کا ردعمل فطری ہوسکتا ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر علی رضا کے حق اور مخالفت میں بحث کا سلسلہ جاری ہے۔


















