Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بچوں کی پیدائش سے باپ کے دماغ میں کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں؟ تحقیق

بچے کی پیدائش کے ابتدائی ہفتوں میں باپ کے دماغ میں تیزی سے تبدیلیاں ہوتی ہیں، تحقیق

بچوں کی پیدائش کے بعد صرف ماں ہی نہیں بلکہ باپ کے دماغ میں بھی نمایاں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ والد بننے کے بعد مردوں کے دماغ کی ساخت میں بھی دوبارہ ترتیب کا عمل شروع ہوجاتا ہے جو انہیں ذمہ داریوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق بچے کی پیدائش کے ابتدائی ہفتوں میں باپ کے دماغ میں تیزی سے تبدیلیاں ہوتی ہیں جس کے دوران دماغ کے مختلف حصوں میں رابطے از سر نو تشکیل پاتے ہیں۔ اس عمل میں بعض حصوں میں مادے کی مقدار کم ہوتی ہے جب کہ کچھ حصوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔

جرمنی کی ایک یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں دماغ کو اس قابل بناتی ہیں کہ وہ دیکھ بھال اور تربیت سے متعلق ضروری صلاحیتوں کو بہتر بناسکے۔ ان کے مطابق یہ ایک بتدریج اور مرحلہ وار عمل ہے جو وقت کے ساتھ مکمل ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ پیدائش کے بعد پہلے چھ ہفتوں میں دماغ کے کئی حصوں میں واضح تبدیلیاں ہوتی ہیں جن میں سوچنے، یادداشت، جذبات اور فیصلہ سازی سے متعلق حصے شامل ہیں۔ اس دوران دماغ کے مختلف خطوں میں سرگرمی کا انداز بھی بدل جاتا ہے۔

بارہ سے چوبیس ہفتوں کے دوران بعض حصوں میں دوبارہ اضافہ بھی دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دماغ خود کو نئی ذمہ داریوں کے مطابق ڈھال رہا ہوتا ہے۔ اگرچہ بعض حصوں میں کمی دیکھی گئی لیکن اسے نقصان کے بجائے ایک تنظیمی عمل قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق دماغ کا یہ عمل اس بات کی علامت ہے کہ انسان کا ذہن زندگی کے اہم مراحل کے مطابق خود کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پہلے سمجھا جاتا تھا کہ دماغ ایک جامد عضو ہے لیکن اب تحقیق سے ثابت ہورہا ہے کہ یہ مسلسل تبدیلی کے عمل سے گزرتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دماغ کے وہ حصے جو خوشی اور انعام کے احساس سے جڑے ہوتے ہیں، والد بننے کے بعد زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح جذباتی ردعمل اور بچے سے وابستگی سے متعلق حصوں میں بھی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام تبدیلیاں ایک ایسے ذہنی نظام کی طرف اشارہ کرتی ہیں جو والدین کو بہتر دیکھ بھال اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مدد دیتا ہے۔

محققین کے مطابق یہ ابھی واضح نہیں کہ یہ تبدیلیاں کتنی دیر تک برقرار رہتی ہیں تاہم کچھ شواہد یہ ظاہر کرتے ہیں کہ والد بننے کے اثرات طویل عرصے تک دماغ پر رہ سکتے ہیں۔