امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے پر آئندہ چند دنوں میں ممکنہ طور پر رواں ہفتے کے اختتام تک یورپ میں کسی مقام پر دستخط کیے جاسکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ معاہدے سے متعلق دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور اس عمل کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران بھی اس معاہدے میں اتنی ہی دلچسپی رکھتا ہے جتنی دیگر فریقین رکھتے ہیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے خیال میں ایران کے سپریم لیڈر نے معاہدے کی منظوری دے دی ہے اور تمام متعلقہ فریق اس پیشرفت کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق ذاتی طور پر تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے تاہم نائب صدر جے ڈی وینس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں امریکا کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کو حتمی شکل ملتے ہی امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کر دے گا، اس اقدام سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی میں اضافہ ہوگا اور قیمتوں میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔




















