Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنوبی کوریا کے فیک آن لائن اسٹور، شاپنگ کے عادی افراد کی بچت میں مددگار

جنوبی کوریا کے نوجوانوں کے لیے یہ ڈوپامائن سائٹس مہنگائی اور اشتہارات کی مسلسل ترغیب کے درمیان ایک حقیقی حل بن گئی ہیں۔

جنوبی کوریا کے نوجوان اب باضابطہ طور پر ’ڈوپامائن سائٹس‘ کی طرف مائل ہو رہے ہیں جو بنیادی طور پر آن لائن شاپنگ کا مکمل تجربہ فراہم کرتی ہیں لیکن اس میں صارفین کو کوئی پیسہ خرچ نہیں کرنا پڑتا۔

دنیا کے سب سے زیادہ ڈیجیٹلائزڈ ممالک میں سے ایک جنوبی کوریا میں آن لائن شاپنگ کا شعبہ بھی انتہائی ترقی یافتہ ہے قومی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے نوجوان اب ’ڈوپامائن سائٹس‘ استعمال کر رہے ہیں جو ہر تفصیل تک اصل آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم کی نقل کرتے ہیں تاکہ صارف کو حقیقت کے قریب تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

آپ سوچ سکتے ہیں کہ ایمیزون یا والمارٹ جیسی سائٹس پر فوری خریداری کرنے کا تعلق صرف خریدی جانے والی چیزوں سے ہے لیکن ماہرین نفسیات کاکہنا ہے کہ اصل میں یہ عمل ایک رچول کی طرح ہے جو دماغ میں ڈوپامائن کے چھوٹے چھوٹے ہٹ دیتا ہے اسی وجہ سے جب ہم مادی چیزیں خریدتے ہیں تو کبھی مکمل اطمینان نہیں ہوتا اور بار بار واپس جا کر خریداری کرتے رہتے ہیں تاہم اب آپ یہ ڈوپامائن کے ہٹ بغیر پیسہ خرچ کیے حاصل کر سکتے ہیں۔

جیسے حقیقی مارکیٹ پلیسز میں ہوتا ہے ڈوپامائن سائٹس پر سینکڑوں مصنوعات، تفصیلی ریویوز، ریٹنگز، فلٹرز اور پروموشنز موجود ہیں۔

 آپ مصنوعات کو شاپنگ کارٹ میں ڈال سکتے ہیں ڈیلیوری ایڈریس درج کر سکتے ہیں اور ’آرڈر‘ بٹن پر کلک کر سکتے ہیں۔ اور یہی اصل مزہ ہے۔

ایپ دکھاتی ہے کہ کس طرح کوریئر آپ کا آرڈر قبول کرتا ہے اور آپ کے ایڈریس کی طرف آتا ہے اور آپ اسے ریئل ٹائم میپ پر ٹریک کر سکتے ہیں۔ آخر می، کچھ بھی ڈیلیور نہیں ہوتا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کے کریڈٹ کارڈ سے کوئی پیسہ نہیں کٹتا۔

بہت سے نوجوان صارفین کے مطابق یہ جھوٹ موٹ خریداری کی ایپس حقیقی شاپنگ کا تجربہ فراہم کرتی ہیں کہ یہاں تک کہ آپ کو حقیقی آرڈر جیسا محسوس ہوتا ہے اس میں جوش و خروش، انتظار کی کیفیت اور ہلکی سا ڈوپامائن کا سرج شامل ہوتا ہے جبکہ صارفین جانتے ہیں کہ اصل میں وہ کچھ خرید نہیں رہے۔

جنوبی کوریا کے نوجوانوں کے لیے یہ ڈوپامائن سائٹس مہنگائی اور اشتہارات کی مسلسل ترغیب کے درمیان ایک حقیقی حل بن گئی ہیں۔ اصل فائدہ بچت ہے مگر ساتھ ہی یہ نفسیاتی اطمینان بھی فراہم کرتی ہیں جو کہ خریداری کے عادی تجربے سے ملتی جلتی ہے۔

اب تک ڈوپامائن سائٹس صرف جنوبی کوریا میں مقبول ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ریڈٹ پر تبصروں سے لگتا ہے کہ مغرب میں یہ اتنی مقبول نہیں ہوں گی کیونکہ وہاں لوگ جھوٹ موٹ کی شاپنگ ایپس کے ساتھ ’’اپنا وقت ضائع‘‘ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور کچھ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگرچہ یہ سائٹس پیسہ بچانے میں مدد کرتی ہیں لیکن وہ وہی رویے کو مضبوط کرتی ہیں جو آن لائن خریداری کو عادی بناتے ہیں چاہے کوئی مالی لین دین نہ ہو۔