پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ روایتی عسکری حکمتِ عملی کو جدید سیکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ کرنا ہوگا بحرِ ہند میں تیزی سے بدلتی صورتحال سیکیورٹی ماحول پر مسلسل اثرانداز ہو رہی ہے پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں روایتی جنگی تصورات پر ازسرِ نو غور و فکر کے ساتھ ٹیکنالوجی میں مہارت اور فکری طور پر مضبوط افرادی قوت کی تیاری کی متقاضی ہیں۔
اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے جدید جنگ کے بدلتے ہوئے کردار اور بحری سلامتی کے چیلنجز کو اجاگر کیا۔
نیول چیف نے روایتی اور غیر روایتی دونوں نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے موافق حکمتِ عملیوں کی ضرورت پر زور ہوئے کہا کہ مستقبل کی جنگوں کے لیے جدید اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ افرادی قوت ناگزیر ہے۔













